وزیراعظم شہباز شریف کا ایرانی صدر کو ٹیلیفون : پاکستان کی ایران سے یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت

07:37 PM, 14 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں اسرائیلی جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری کے خلاف ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم نے ایران کو اقوام متحدہ کے اصولوں کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہونے کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے تہران میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیلی حملوں کا فوری نوٹس لینے کی اپیل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل سمیت ہر عالمی پلیٹ فارم پر ایران کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔

ایرانی صدر  مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے میں ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اسلامی دنیا میں اتحاد اور خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی رابطے پر اتفاق کیا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے برادر ملک کا ساتھ ایران کے لیے حوصلہ افزا ہے۔ وزیراعظم نے ایران کی خودمختاری کے حق پر پاکستان کے مؤقف کو دہرایا۔

مزیدخبریں