بیرون ملک موجود افراد ملک مخالف بیانیہ اپنا رہے ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات

07:29 PM, 14 Jun, 2025

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم بعض ناعاقبت اندیش افراد حکومت نہیں بلکہ براہِ راست پاکستان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، جو افسوسناک ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران نے پاکستان کا کھلے الفاظ میں شکریہ ادا کیا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے فورم پر ایران کے مؤقف کی حمایت کی اور اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور موجودہ صورتحال میں بھی ایران کو مکمل حمایت حاصل ہے۔ ایران کو اپنے دفاع کا پورا اختیار حاصل ہے، اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے امن کردار کو سراہا جا رہا ہے۔ فلسطین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کی ہے اور غزہ میں ہونے والے مظالم کے خلاف عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سیشن میں اپوزیشن لیڈر نے شور شرابا کر کے ایوان کا ماحول خراب کیا اور اتنے زور سے احتجاج کیا کہ آڈیو سسٹم خراب ہو گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض ارکان ٹیپ چپکا کر میز بجانے کے لیے تیار آئے تھے، جو افسوسناک طرزِ عمل ہے۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ حالیہ بجٹ میں پہلی بار اثرورسوخ رکھنے والے گروہوں اور مفاد پرست عناصر کو ہدف بنایا گیا ہے، جس پر کچھ حلقوں کو اعتراض ہے۔

مزیدخبریں