رضاکارانہ خون عطیہ انسانیت کی خدمت ہے، مریم نواز

11:33 AM, 14 Jun, 2025

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انٹرنیشنل بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والے افراد انسانیت کے حقیقی علمبردار اور پورے معاشرے کے محسن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خون عطیہ کرنا ایک ایسا عمل ہے جو دوسروں کو نئی زندگی دیتا ہے، اور ہر عطیہ کیا گیا قطرہ کسی ضرورت مند کے لیے زندگی کا چراغ بن سکتا ہے۔ مریم نواز نے ان افراد کو خراج تحسین پیش کیا جو رضاکارانہ طور پر بلڈ ڈونیشن کرتے ہیں اور نوجوانوں کو اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب نے خون کی محفوظ اور بروقت فراہمی کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں، اور صوبے میں پاکستان کا پہلا باقاعدہ ورچوئل بلڈ بینک قائم کیا گیا ہے جو ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے شہریوں کو آگاہ کیا کہ ورچوئل بلڈ بینک سے رابطے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے 4 کا بٹن دبایا جا سکتا ہے، جب کہ سیف سٹی ویب سائٹ یا پولیس خدمت مرکز کے ذریعے بھی بلڈ ڈونر کے طور پر رجسٹریشن ممکن ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ معاشرے کو صحت مند رکھنے اور قیمتی جانیں بچانے کے لیے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

مزیدخبریں