ایران کا اسرائیل پر پانچواں میزائل حملہ، 4 ہلاک، 63 زخمی، متعدد عمارتیں تباہ

09:29 AM, 14 Jun, 2025

تہران:ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے، جب ہفتہ کی علی الصبح ایران نے اسرائیل پر پانچواں بڑا میزائل حملہ کر دیا۔ ایرانی حملے میں تل ابیب، یروشلم اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور کم از کم 63 زخمی ہو گئے ہیں جبکہ متعدد عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب میں مختلف مقامات پر گرے، جن میں ایک اسرائیلی وزارتِ دفاع کی عمارت بھی شامل ہے۔ وسطی اسرائیل کے علاقے گش دان میں بھی ایرانی میزائل گرنے کی اطلاعات ہیں۔

حملے کے بعد تل ابیب میں 32 منزلہ ایک عمارت میں شدید آگ بھڑک اٹھی، جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں مجموعی طور پر پانچ مقامات پر تباہی رپورٹ ہوئی ہے۔ وسطی اسرائیل میں کم از کم 9 مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق، ایران کی جانب سے فائر کیے گئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم بعض میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ایران نے اس کارروائی کو "آپریشن وعدہ صادق 3" کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف ایک انتقامی اقدام ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق، اس آپریشن کے تحت اسرائیل پر اب تک 300 سے زائد میزائل داغے جا چکے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے مجموعی طور پر 200 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے، جن میں سے متعدد کو فضا میں ہی انٹرسیپٹ کر لیا گیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ حملے خطے میں کسی وسیع جنگ کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں اور عالمی طاقتوں کی جانب سے شدید ردعمل متوقع ہے۔

مزیدخبریں