مکہ مکرمہ: فلکیاتی ماہرین کے مطابق 15 جولائی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آ جائے گا، جس کے نتیجے میں کچھ دیر کے لیے خانہ کعبہ کا سایہ تقریباً ختم ہو جائے گا۔
جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے مطابق یہ منظر مکہ مکرمہ کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 26 منٹ 44 سیکنڈ پر ہوگا، جب سورج خانہ کعبہ کے اوپر 90 درجے کے زاویے پر موجود ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موقع پر دنیا کے مختلف حصوں میں موجود مسلمان قبلے کی سمت کا درست تعین کر سکتے ہیں۔ سورج کی روشنی میں زمین پر نصب کسی سیدھی چیز کے سائے کی مخالف سمت قبلہ رخ معلوم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
پاکستان میں یہ فلکیاتی لمحہ تقریباًدوپہر 2 بج کر 26 منٹ 44 سیکنڈ پر ہوگا۔فلکیاتی ماہرین کے مطابق سورج ہر سال دو مرتبہ خانہ کعبہ کے عین اوپر آتا ہے، جس کا مشاہدہ قبلے کی سمت کے تعین کے لیے تاریخی طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔