اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تباہی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، جبکہ ماحول کے تحفظ کے لیے عوامی شعور میں اضافہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث آبی اور جنگلی حیات کو بھی شدید چیلنجز کا سامنا ہے، جس کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موہنجوداڑو ہماری قدیم تہذیبی تاریخ کا اہم حصہ ہے، جبکہ انڈس ڈولفن ایک نایاب مخلوق ہے جو کئی تہذیبوں سے بھی قدیم ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ انڈس ڈولفن کے تحفظ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے اقدامات کیے گئے، جس سے اس معدوم ہوتی نسل کے بچاؤ میں اہم پیش رفت ہوئی۔