تہران :ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزرگاہ کے استعمال پر معاوضے کی بات درست ہے، تاہم 20 فیصد ٹول ٹیکس کی تجویز بہت زیادہ ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معاوضے کے معاملے میں منصفانہ رویہ اختیار کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز کا محافظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ کسی بھی ملک کی جانب سے آبنائے ہرمز میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس اہم بحری گزرگاہ سے متعلق اپنے کردار اور مفادات کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
عباس عراقچی کے بیان کے بعد آبنائے ہرمز سے متعلق علاقائی اور عالمی سطح پر جاری بحث مزید اہم ہو گئی ہے، کیونکہ یہ راستہ عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔