پاکستان اور برطانیہ کے مابین تجارتی ڈائیلاگ فریم ورک پر معاہدہ طے

11:26 PM, 14 Jul, 2025

اسلام آباد : پاکستان اور برطانیہ کے درمیان معاشی تعلقات کو فروغ دینے اور دو طرفہ تجارت کو باقاعدہ سمت دینے کے لیے "ٹریڈ ڈائیلاگ میکانزم" کے معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

یہ معاہدہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور برطانوی وزیر ڈگلس الیگزینڈر کے درمیان طے پایا، جو کہ کابینہ کی منظوری کے بعد طے پانے والا پہلا اعلیٰ سطحی تجارتی معاہدہ ہے۔

اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو پائیدار اور ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ملک باہمی تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے، نئے تجارتی مواقع تلاش کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔

فریقین نے فیصلہ کیا ہے کہ باقاعدہ مشاورتی اجلاس منعقد کیے جائیں گے اور مختلف شعبہ جات کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے تاکہ پیش رفت کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔

ڈیجیٹل تجارت، متبادل توانائی، زراعت، اور دوا سازی کے شعبوں میں تعاون کو خاص ترجیح دی گئی ہے، جنہیں مستقبل میں معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع کے لیے کلیدی قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے انفارمیشن ٹیکنالوجی، زرعی جدید ٹیکنالوجی، اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری کو اہم برآمدی شعبے کے طور پر نمایاں کیا گیا ہے۔

برطانوی حکومت نے ترقی پذیر ممالک کے لیے اپنی نئی ڈیولپنگ کنٹریز ٹریڈنگ اسکیم (DCTS) کے تحت پاکستان کو ترجیحی تجارتی رعایات دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کو ایک نئے اقتصادی دور میں داخل کرے گا اور مستقبل میں مزید تعاون، سرمایہ کاری اور ترقی کے دروازے کھولے گا۔

مزیدخبریں