پاکستان، عراق اور ایران کا زائرین کی خدمت کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام کا اعلان

08:21 PM, 14 Jul, 2025

تہران:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا ہے کہ پاکستان، ایران اور عراق نے زائرین کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے سہ ملکی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق جانے والے پاکستانی زائرین ہماری ترجیح ہیں۔ انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا شکریہ ادا کیا کہ پاکستان کی درخواست پر یہ اجلاس ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام نے جنگ کے دوران ایران کے حق میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔

محسن نقوی نے ایران کو جنگ میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان نے ایران پر حملے کی سخت مذمت کی اور ایران کے دفاع کو مکمل سپورٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کا مظاہرہ کیا، اور پاکستان و ایران ہمیشہ بھائی رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم اس بات کے گواہ ہیں کہ پاکستان نے ایران کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔

وزیر داخلہ نے عراق کی وزارت داخلہ کو بھی سراہا کہ وہ اربوں زائرین کی بہترین نگہداشت کرتے ہیں، خاص طور پر اربعین کے موقع پر۔

انہوں نے کہا کہ یکم جنوری 2026 سے پاکستانی زائرین عراق انفرادی طور پر نہیں جا سکیں گے بلکہ صرف رجسٹرڈ گروپ آرگنائزرز کے ذریعے ہی عراق کا سفر ممکن ہوگا۔ گروپ آرگنائزرز کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ گروپ زائرین کی واپسی کے ذمہ دار ہوں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اس نئے نظام سے غیر قانونی سفر اور زائد قیام کے واقعات کا خاتمہ ہوگا، اور ایران و عراق بھی اس منصوبے کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ نے عراق اور ایران کی حکومتوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پاکستانی زائرین کی دیکھ بھال کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کی لاکھوں زائرین کی حفاظت میں کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جنگ کے دوران بہادری اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں اور ایرانی عوام کو فتح پر مبارکباد دی۔

تہران میں منعقدہ سہ ملکی اجلاس میں ایرانی نائب وزیر داخلہ علی اکبر پورجمشیدیان، ایرانی وزیر داخلہ کے سینئر مشیر نادر یار احمدی، پاکستان میں ایران کے سفیر امیری مقدم، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، پاکستانی وزارت داخلہ کے سیکرٹری خرم آغا، اور عراق کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان، ایران اور عراق زائرین کی سہولت کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کریں گے تاکہ خدمات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں