ٹیسٹ چیمپئن شپ کی جیت کے ہیرو مارکرم، جون کا بہترین کھلاڑی قرار

07:07 PM, 14 Jul, 2025

دبئی: آئی سی سی نے جون 2025 کے لیے "پلیئر آف دی منتھ" کا اعلان کر دیا، یہ اعزاز جنوبی افریقی آل راؤنڈر ایڈن مارکرم کے حصے میں آیا، جنہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی دکھا کر دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی داد سمیٹی۔

ایڈن مارکرم نے ایوارڈ حاصل کرنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا:

"یہ میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ چیمپئن بننا اور وہ بھی لارڈز جیسے تاریخی میدان پر، ایک ناقابلِ یقین تجربہ تھا۔ ٹیم کی یہ کامیابی انفرادی نہیں بلکہ مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، خاص طور پر ربادا اور باووما کی کارکردگی قابلِ تحسین رہی۔"
مارکرم اگرچہ پہلی اننگز میں صفر پر پویلین لوٹ گئے، مگر دوسری اننگز میں انہوں نے غیر معمولی واپسی کی۔ 282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انہوں نے 136 رنز کی دلیرانہ اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی فتح کی راہ ہموار کی۔ دباؤ کے لمحات میں ان کی ملڈر اور باووما کے ساتھ قائم کی گئی شراکتوں نے ٹیم کو سنبھالا دیا۔

چوتھی اننگز میں جب کپتان باووما زخمی ہو کر جدوجہد کر رہے تھے، مارکرم نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کی دہلیز تک پہنچایا۔

بولنگ میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ اپنی پہلی اوور کی چھٹی گیند پر آسٹریلیا کے تجربہ کار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کیا، جبکہ دوسری اننگز میں جوش ہیزل وُڈ کو شکار بنایا، یوں میچ میں ان کی کارکردگی ہر پہلو سے متاثرکن رہی۔

یاد رہے کہ پلیئر آف دی منتھ کے لیے ایڈن مارکرم، کگیسو ربادا اور سری لنکا کے پاتھم نسانکا کو نامزد کیا گیا تھا۔ شائقین کی ووٹنگ اور جیوری کے فیصلے کے بعد یہ اعزاز مارکرم کو دے دیا گیا۔

مزیدخبریں