کراچی: محکمہ موسمیات نے پیر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ادھر گزشتہ روز مختلف شہروں میں بارش کے بعد پیش آنے والے حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مالاکنڈ میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے دو بہنیں جاں بحق ہوئیں، جب کہ کوہاٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
خیبر ضلع کی تحصیل جمرود میں بارش کے بعد سیلابی پانی میں دو بچیاں بہہ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک بچی کی لاش نکال لی گئی ہے، جبکہ دوسری کی تلاش جاری ہے۔
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، بالخصوص ان علاقوں میں جہاں پہلے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔