لندن : برطانوی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ ایران میں کرنسی کی قدر میں کمی، مہنگائی اور حالیہ مظاہروں کے باوجود حکومت کے فوری خاتمے کے آثار نہیں دکھائی دے رہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق ریاستی ڈھانچہ مستحکم ہے اور اعلیٰ سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ میں کسی اندرونی اختلافات یا دراڑ کے آثار نہیں ملے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایران کے مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مار کے واقعات پیش آئے، جن کی نئی ویڈیوز جاری کی گئی ہیں۔ یہ ویڈیوز ایرانی سرکاری میڈیا سے حاصل شدہ کلپس پر مشتمل ہیں اور انٹرنیٹ بندش کے باعث پہلے منظرِ عام پر نہیں آ سکیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ایرانی حکام نے ان فسادات کے پیچھے امریکا اور اسرائیل کو ملوث قرار دیا ہے، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عوامی احتجاج کے باوجود حکومت کی فوری تبدیلی کے امکانات موجود نہیں اور ریاستی ڈھانچہ بدستور مضبوط ہے۔