ترسیلات زر میں اضافہ، معیشت میں اصلاحات جاری؛محمد اورنگزیب

10:12 AM, 14 Jan, 2026

اسلام آ باد :وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان کو 38 ارب ڈالر کے ترسیلات زر موصول ہوئے جبکہ رواں سال یہ رقم 41 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ انہوں نے نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ معیشت میں اپنا کردار بڑھائیں اور سرمایہ کاری میں حصہ لیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس پالیسی ایف بی آر سے فنانس ڈویژن منتقل کر دی گئی ہے تاکہ ایف بی آر کی توجہ ٹیکس اکٹھا کرنے پر مرکوز ہو۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اصلاحات، توانائی اور صنعتی شعبے میں بہتری کے اقدامات کے ذریعے ملک کی ترقی ممکن ہے۔

جون تک تمام حکومتی ادائیگیاں ڈیجیٹل چینلز پر منتقل ہو جائیں گی اور غیر بینکنگ افراد کو باقاعدہ مالیاتی نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔ ٹیرف اصلاحات کے نتیجے میں خام مال پر ڈیوٹیز کم کی جا رہی ہیں، جس سے برآمدات اور صنعتی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑی صنعتوں کی کارکردگی مثبت رہی اور نجی شعبے کو فراہم کردہ قرضے بڑھ کر 1.1 ٹریلین روپے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چار سال قبل ملک کے پاس ڈالر کی کمی تھی اور ہمیں دوبارہ آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ ہدف کے اندر ہے۔

مزیدخبریں