سیالکوٹ: پہلی نیشنل COAS ریسلنگ چیمپئن شپ اختتام پذیر، گوجرانوالہ کے "شیر پنجاب" نے میدان مار لیا

09:16 PM, 14 Feb, 2026

سیالکوٹ : پاکستان آرمی کے زیرِ اہتمام منعقدہ پہلی نیشنل چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) ریسلنگ چیمپئن شپ 2026 اپنے تمام تر جوش و خروش کے ساتھ سیالکوٹ میں اختتام پذیر ہوگئی۔ انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز میں ہونے والے ان مقابلوں میں گوجرانوالہ کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
چیمپئن شپ کے فائنل مقابلوں میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔     گوجرانوالہ کی ٹیم "شیر پنجاب" مجموعی طور پر پہلے نمبر پر رہی۔پشاور کی ٹیم "خیبر فائٹرز" نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سیالکوٹ سپورٹس سٹیڈیم میں منعقدہ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) تھے۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے پہلوانوں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈر 17 اور انڈر 19 کی سطح پر ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک سنگ میل ہے۔
فائنل مقابلوں کو دیکھنے کے لیے ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح کے نامور پہلوانوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ شائقین نے نوجوان ریسلرز کی مہارت کو خوب سراہا۔
ایونٹ میں شریک ریسلرز نے عسکری قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد ہمارے لیے بین الاقوامی سطح پر جانے کا راستہ ہموار کرے گا۔ ہمیں خوشی ہے کہ گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی سرپرستی کی جا رہی ہے۔
یہ ایونٹ پاکستان میں ریسلنگ کے روایتی کھیل کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے کا ایک واضح ثبوت ہے۔

مزیدخبریں