اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے لیے ریلیف کی فراہمی کے طریقہ کار میں انقلابی تبدیلی لاتے ہوئے 38 ارب روپے کے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق، اس بار مستحقین کو آٹے یا چینی کی لائنوں میں لگنے کے بجائے براہِ راست ان کے اکاؤنٹس میں رقم منتقل کی جائے گی۔ملک بھر کے 1.21 کروڑ خاندان اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں گے۔ ہر خاندان کو 13,000 روپے کی یکمشت ادائیگی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ادائیگیاں بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ہوں گی، جس سے کرپشن اور ہیرا پھیری کا امکان ختم ہو جائے گا۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماضی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ریلیف دینے کا طریقہ غیر موثر اور تکلیف دہ تھا، جسے اب مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے ایک ایسے جدید نظام کی بنیاد رکھی ہے جس میں ریاست خود مستحق کے پاس جائے گی۔ گزشتہ برس 20 ارب روپے کی شفاف تقسیم نے ثابت کیا کہ ڈیجیٹل نظام ہی بہترین راستہ ہے۔
اس پیکج کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا دائرہ کار صرف وفاق یا صوبوں تک محدود نہیں بلکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے مستحقین کو بھی برابر کا شریک بنایا گیا ہے۔
رمضان میں غریب کی دہلیز پر امداد: وزیراعظم کا 38 ارب روپے کا پیکج، 13 ہزار روپے کی براہِ راست ڈیجیٹل ادائیگی کا فیصلہ
02:54 PM, 14 Feb, 2026