لائبہ خان کی شادی: مہنگے جوڑے نہیں، خوشی اور سادگی اہم

12:05 PM, 14 Feb, 2026

کراچی: حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی معروف پاکستانی اداکارہ لائبہ خان نے کہا ہے کہ زیادہ تر شوبز اداکارائیں اپنی شادی میں کرائے کے کپڑے اور زیورات استعمال کرتی ہیں۔

لائبہ خان کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی تھی، تاہم شادی سے پہلے ان کے دیے گئے ایک انٹرویو کے ویڈیو کلپس اب سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہے ہیں۔

ویڈیو میں اداکارہ نے کہا کہ آج کل مہنگے عروسی جوڑوں کا رجحان کم ہو رہا ہے، کیونکہ یہ جوڑے صرف ایک بار استعمال کے لیے ہوتے ہیں اور بعد میں کسی اور شادی میں پہننا مناسب نہیں لگتا۔ شوبز کی دنیا میں اکثر ڈیزائنرز خصوصی کپڑے اور جیولری فراہم کرتے ہیں، جنہیں استعمال کے بعد واپس کر دیا جاتا ہے۔

لائبہ خان نے مزید کہا کہ وہ بھی اپنے شادی کے لیے کچھ ایسا ہی سوچ رہی تھیں، مگر وہ اپنا جوڑا تھوڑا کسٹمائز کروائیں گی کیونکہ بچپن سے ان کے دل میں یہ خواہش تھی کہ شادی کے دن کیسے تیار ہوں گی اور کیا پہنیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی ایک بار ہوتی ہے، اس لیے اگر موقع ملے تو مختلف انداز کے جوڑے پہننا کوئی مسئلہ نہیں۔

اداکارہ نے زور دیا کہ شادی کا اصل مقصد خوشی اور نئے رشتے کی شروعات ہے، نہ کہ مہنگے لباس یا زیورات کی نمائش۔ انہوں نے کہا کہ سادگی اختیار کرنا بالکل درست ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب معاشی حالات عام لوگوں کے لیے مشکل ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے لائبہ خان کے موقف کو حقیقت پسندانہ اور قابل تقلید قرار دیا ہے اور ان کے بیان کی خوب تعریف کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں