سڈنی:سڈنی میں پیش آنے والے حالیہ حملے کے بعد پاکستان کو بدنام کرنے کی ایک منظم مہم بے نقاب ہو گئی ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا اور بعض بھارتی میڈیا پلیٹ فارمز پر جھوٹی تصاویر، ویڈیوز اور بے بنیاد دعوے گردش کرتے رہے۔
ذرائع کے مطابق واقعے کو ایک انسانی المیے کے بجائے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، جسے عالمی سطح پر قابلِ مذمت قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل مواد میں حقائق کو مسخ کر کے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ دعوے شواہد کی کمی کے باعث دم توڑ گئے۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی مستند عالمی یا آسٹریلوی ادارے نے پاکستان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تصدیق نہیں کی۔ جھوٹی ویڈیوز اور من گھڑت ڈیٹا کے ذریعے چلائی جانے والی مہم جلد ہی بے نقاب ہو گئی۔
اس دوران واقعے میں دکھائی جانے والی حقیقی انسانی جرات اور قربانی کو نظر انداز کیا گیا۔ حملے کے دوران مسلمان شہری احمد العہمد نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی جانیں بچانے میں کردار ادا کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خراجِ تحسین بھی پیش کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق دہشت گردی کو کسی قوم یا مذہب سے جوڑنا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ بلکہ نفرت انگیزی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔ سڈنی کا واقعہ ایک فرد کی کارروائی تھی، جسے بنیاد بنا کر پوری قوم یا مذہب کو موردِ الزام ٹھہرانا حقائق کے منافی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کو نشانہ بنانے کا مقصد انتہا پسندی کے اصل عوامل، متاثرین کی امداد اور مسلمانوں کی پرامن شناخت سے عالمی توجہ ہٹانا ہے، جو عالمی امن کے لیے نقصان دہ رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔