ملک بھر میں ایڈمنسٹریٹو یونٹس ضروری:محمود مولوی

07:08 PM, 14 Dec, 2025

اسلام آباد: سینیئر سیاستدان اور سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے کہا ہے کہ پورے ملک میں ایڈمنسٹریٹو یونٹس بنانا ضروری ہے تاکہ عوام کے مسائل مؤثر طریقے سے حل ہوں۔

نیوز کانفرنس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ فیض حمید کی وجہ سے اداروں اور کئی افراد کو نقصان پہنچا اور سب جماعتوں کو ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے اور چھوٹے انتظامی یونٹس عوامی مسائل کے فوری حل میں مددگار ثابت ہوں گے اور احتساب کا عمل شفاف رہے گا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات سے ممکن ہے اور سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملکی مفاد کو ترجیح دینی ہوگی۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو نااہل قیادت اور مفاد پرست عناصر سے علیحدہ ہونا چاہیے اور سیاسی تنازعات کو سیاسی سطح پر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف ڈیفنس فورسز نے اپنے ادارے سے احتساب کا عمل شروع کیا اور فیض حمید کے خلاف فیصلے خوش آئند ہیں، جس سے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت حاصل ہوئی۔ عمران اسماعیل نے تمام جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ایک میز پر بیٹھ کر بات کریں اور سیاسی ماحول کو مفاہمت کی طرف لے جائیں۔

مزیدخبریں