سوڈان میں یو این مشن پر حملہ، 6 بنگلا دیشی امن اہلکار شہید، پاکستانی فورس کا بروقت ریسکیو آپریشن

02:45 PM, 14 Dec, 2025

سوڈان:سوڈان کے کوردوفان ریجن میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک اڈے پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں بنگلا دیش سے تعلق رکھنے والے چھ امن اہلکار جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور تمام متاثرہ اہلکاروں کا تعلق بنگلا دیش سے ہے۔

واقعے پر بنگلا دیش کے عبوری سربراہ محمد یونس نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمی اہلکاروں کو فوری اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن مشن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے اہلکاروں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے اور ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔

سوڈانی فوج نے حملے کی ذمہ داری باغی گروہ ریپڈ سپورٹ فورس (آر ایس ایف) پر عائد کی ہے، تاہم آر ایس ایف کی جانب سے تاحال کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

حملے کے بعد اقوامِ متحدہ کے اڈے پر تعینات پاکستانی کوئیک ری ایکشن فورس (QRF) نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مؤثر جوابی اقدامات کیے اور 41 بنگلا دیشی فوجیوں کو بحفاظت ریسکیو کیا، جن میں 8 زخمی اہلکار بھی شامل تھے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کر دی گئی۔

مزیدخبریں