اسرائیل کا غزہ میں حماس کے رہنما رائید سعد کو شہید کرنے کا دعویٰ

05:35 PM, 14 Dec, 2025

تل ابیب : اسرائیلی فوج اور سکیورٹی ایجنسی شین بیت نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے غزہ میں ایک حملے کے دوران حماس کے سینئر رہنما رائید سعد کو شہید کر دیا۔ رائید سعد حماس کے عسکری ونگ القصام بریگیڈ میں ہتھیاروں کے شعبے کے سربراہ تھے اور سات اکتوبر 2023 کے حملے کی قیادت کرنے والے اہم رہنماؤں میں شامل تھے۔

حماس کے شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل کے مطابق، اسرائیل نے غزہ شہر میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں رائید سعد موجود تھے، جس کے نتیجے میں وہ شہید ہو گئے اور چار دیگر افراد زخمی ہوئے۔ اس حملے کے دوران گاڑی کے قریب سے گزرنے والے کئی دوسرے افراد بھی زخمی ہو گئے۔

حماس کے مقامی رہنماؤں نے بتایا کہ اس حملے میں رائید سعد کے علاوہ ایک اور حماس رہنما بھی شہید ہوئے ہیں۔ رائید سعد کو یہ گمان کیا جا رہا تھا کہ وہ اکتوبر میں جنگ بندی کے بعد بننے والی فوجی کونسل کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل اسرائیل نے متعدد بار رائید سعد کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ وہ طویل عرصے سے اسرائیل کی سب سے زیادہ مطلوب حماس رہنماؤں میں شامل تھے، اور اسرائیل انہیں کئی برسوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ سعد کی شہادت حماس کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، کیونکہ وہ تنظیم کے اہم ترین رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔

مزیدخبریں