لیونل میسی کی بھارت آمد پر بدنظمی، سٹار فٹبالر 10 منٹ میں روانہ ہونے پر مجبور

02:32 PM, 14 Dec, 2025

کلکتہ : بھارت میں فٹبال کے عالمی ستارے لیونل میسی کی آمد ایک ہنگامے میں تبدیل ہوگئی، جب کلکتہ کے ویویکانند یووا فٹبال سٹیڈیم میں ان کے استقبال کے دوران بدنظمی پیدا ہو گئی۔ میسی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین جمع ہوئے، لیکن سخت سکیورٹی اور پروٹوکول کی وجہ سے مداح مشتعل ہو گئے اور صورتحال قابو سے باہر ہو گئی۔

میسی اپنے "گوٹ ٹور" کے دوران کلکتہ پہنچے تھے، جہاں ان کے استقبال کے وقت شائقین نے غصے میں آکر پوسٹرز توڑ ڈالے، بوتلیں پھینکیں اور احتجاج شروع کر دیا۔ اس بدانتظامی کی وجہ سے سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی اور میسی سمیت دیگر اہم شخصیات کو محض دس منٹ کے اندر سٹیڈیم سے نکال لیا گیا۔

کئی مداح جو گھنٹوں سے میسی کو دیکھنے کا انتظار کر رہے تھے، شدید مایوسی کا شکار ہوئے اور انہیں اپنے پسندیدہ فٹبالر کو دیکھنے کا موقع نہ مل سکا۔ سٹیڈیم میں پیش آنے والے یہ مناظر فوراً سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئے، جس سے پورے واقعے کی تفصیلات عوام تک پہنچ گئیں۔

یہ واقعہ میسی کا 2011 کے بعد بھارت کا پہلا دورہ تھا، اور اس سے قبل وہ اسی سٹیڈیم میں ارجنٹینا اور وینزویلا کے درمیان ہونے والے ایک دوستانہ میچ کا حصہ بنے تھے۔ اس بدانتظامی نے میسی کی بھارت آمد کو ایک ناخوشگوار اور مایوس کن صورتحال بنا دیا۔

مزیدخبریں