پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو مستند عالمی ادارے کے سرٹیفکیٹ مل گئے

11:15 AM, 14 Dec, 2025

لاہور : پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کو سوئٹزرلینڈ کے معروف عالمی ادارے کی جانب سے دو اہم انٹرنیشنل سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دفتر کے مطابق، اتھارٹی کو آئی ایس او 9001 اور آئی ایس او 27001 سرٹیفکیٹس دیے گئے ہیں، اور یہ اس قسم کا پہلا ادارہ بن گیا ہے جو یہ دونوں سرٹیفکیٹس حاصل کر چکا ہے۔

پنجاب بھر میں سہولت بازار اتھارٹی نے 17 ہزار سے زائد سٹالز قائم کیے ہیں، جن میں سے 6 ہزار سٹالز 36 اضلاع میں جبکہ 10 نئے سہولت بازاروں میں 1 ہزار سٹالز ہیں۔ اس کے علاوہ، ہر ہفتے 10 ہزار سے زائد عارضی سٹالز عوام کے لیے لگائے جاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سہولت بازار اتھارٹی کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازار اتھارٹی نے پنجاب بھر میں پھل، سبزیاں اور دیگر اشیاء کو سستے داموں فراہم کر کے عوامی خدمت کی بہترین مثال قائم کی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ وہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں، اور جنوری تک تین نئے اضلاع میں سہولت بازار قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سستی اور معیاری اشیاء کا حصول پنجاب کے عوام کا حق ہے، اور یہ سہولت بازار عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

مزیدخبریں