لاہور : پاکستان کے مختلف شہروں میں دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں کئی موٹر ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔ موٹر وے پولیس کے مطابق، ایم ون (پشاور سے رشکئی)، ایم 3 (فیض پور سے درخانہ)، ایم 4 (پنڈی بھٹیاں سے ملتان)، ایم 5 (ملتان سے ظاہر پیر) اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی دھند کے باعث بند کر دی گئی ہیں۔
موٹر وے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دھند میں گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ رکھنا اور لین کی پابندی کرنا بہت ضروری ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ، شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کریں کیونکہ دھند میں سفر کرنے کے محفوظ اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔
ڈرائیورز کو مزید ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، تیز رفتاری سے گریز کریں، اور آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ موٹر وے پولیس نے یہ بھی کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور کسی بھی مدد یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔