ماسکو : روس نے یوکرین کی فوجی اور توانائی تنصیبات پر ہائپر سونک میزائل سے حملہ کر کے یوکرین کے متعدد علاقے تاریکی میں ڈبو دیے ہیں۔ حکام کے مطابق، ہفتے کی رات ہونے والے اس حملے میں 10 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے اس حملے میں 450 سے زائد ڈرونز اور 30 میزائل استعمال کیے، جس سے یوکرین کے توانائی کے انفرا اسٹرکچر کو بھاری نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ شہری تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا اور امدادی کام جاری ہیں۔
یوکرین کے وزیرِ داخلہ نے کہا کہ روس نے پانچ مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آگ بجھانے اور بجلی بحال کرنے کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔
دوسری طرف، روسی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ یوکرین کی جانب سے روسی شہری اہداف پر حملوں کے جواب میں یہ حملہ کیا گیا۔ روس کا کہنا ہے کہ اس نے یوکرین کی فوجی اور توانائی تنصیبات کو ہائپر سونک میزائل "کنزال" سمیت دیگر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
یوکرین میں بجلی کی فراہمی کی بحالی اور دوسرے امدادی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں، تاہم اس حملے نے ایک بار پھر یوکرین میں جنگ کی شدت اور اس کے شہریوں پر پڑنے والے اثرات کو ظاہر کیا ہے۔