دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا: محسن نقوی

06:44 PM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش دہشتگردی کے خطرات میں افغان سرزمین کے استعمال کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے ملک کی سلامتی کو مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں پاک ناروے تعلقات سمیت سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے متعدد معاملات پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت اور قانونی معاملات میں ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

بات چیت کے دوران افغانستان کی موجودہ صورتحال بھی زیر بحث آئی، جبکہ افغان سرزمین پر موجود کالعدم گروہوں کی سرگرمیوں اور ان کے ممکنہ اثرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگرد کارروائیوں کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ایک مسلسل مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن پر موجود ہے اور نہ صرف اپنے عوام بلکہ خطے اور عالمی برادری کے تحفظ کے لیے بھی اس خطرے کا مقابلہ کر رہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے مشترکہ خطرہ ہے۔ اس چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان معلومات کے تبادلے، مشترکہ حکمت عملی اور عملی تعاون کو مزید بڑھانا ضروری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امن و سلامتی کے قیام اور دہشتگردی کے سدباب کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتا رہے گا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ باہمی روابط کو عملی اقدامات کے ذریعے مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

مزیدخبریں