پاکستان کا یوم آزادی ایران پاکستان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا موقع ہے: مسعود پزشکیان

04:59 PM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے یوم آزادی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ مفادات اور مستقبل کے حوالے سے وابستگی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔

ایرانی صدر نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی ملک کی کامیابیوں اور پیشرفت کو سراہنے کا ایک اہم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم اور وسیع کرنے کے لیے بھی ایک اہم موقع ہے۔

مسعود پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اپنی سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کے مطابق باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک کے درمیان موجود وسیع امکانات کو بروئے کار لا کر تعلقات کے مختلف شعبوں میں مزید پیش رفت کی جا سکتی ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں دونوں ملکوں کے درمیان قریبی رابطے، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور پاکستان کے مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے وابستہ ہوچکی ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں برادر ممالک کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستحکم کرنے کی دعا بھی کی۔
 
 
 
 

مزیدخبریں