اسحاق ڈار اور امریکی ناظم الامور کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

04:53 PM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان میں امریکی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات، باہمی تعاون اور خطے میں جاری اہم پیش رفت سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے علاقائی استحکام کے لیے بات چیت اور سفارتی ذرائع کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے قیام کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف اور عزم کو ایک مرتبہ پھر واضح کیا۔

نیٹلی بیکر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی کی مبارکباد بھی دی۔ دونوں جانب سے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈے نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک ناروے تعلقات کو وسعت دینے اور خطے کی بدلتی صورتحال سمیت مختلف اہم معاملات زیر غور آئے۔

ملاقات کے دوران دہشتگردی کے تدارک، غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام، پولیس اہلکاروں کی تربیت اور قانونی شعبے میں باہمی معاونت بڑھانے کے لیے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں موجودہ حالات اور وہاں سرگرم کالعدم گروہوں کی کارروائیوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ افغان سرزمین اب بھی پاکستان کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں کے لیے استعمال کی جا رہی ہے، جس کے باعث خطے کے امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

مزیدخبریں