اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں ملک کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی اتحاد، مساوات اور مذہبی ہم آہنگی کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں چیف جسٹس پاکستان، سپریم کورٹ کے ججز، رجسٹرار، افسران، عملے اور ان کے بچوں نے شرکت کی۔ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں نے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر ہندو پنڈت، مسیحی پادری اور مسلمان عالمِ دین بھی تقریب میں شریک ہوئے، جس سے پاکستان میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام اجاگر ہوا۔
پولیس بینڈ نے قومی ترانہ پیش کیا اور شرکا نے ملی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کی۔
چیف جسٹس نے تقریب میں موجود بچوں سے ملاقات کی اور انہیں کورٹ روم نمبر ایک کا دورہ بھی کرایا۔ انہوں نے بچوں کو سپریم کورٹ کے کام اور عدالتی ماحول کے بارے میں آگاہ کیا۔
بعد ازاں چیف جسٹس، سپریم کورٹ کے ججز اور بچوں نے یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا۔
اپنے یومِ آزادی کے پیغام میں چیف جسٹس نے پاکستانی عوام اور قانونی برادری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قیامِ پاکستان کے لیے جدوجہد اور قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک مسلسل ذمہ داری بھی ہے۔
چیف جسٹس کے مطابق آئینی اصولوں کا تحفظ، شہریوں کے حقوق کا دفاع اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد میں اضافہ آزاد پاکستان کی بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی طاقت قومی اتحاد، مذہبی تنوع، مساوی شہریت اور آئینی اقدار کی پاسداری میں ہے۔