یومِ آزادی پر وزیراعظم کا قوم کے نام پیغام، متحد ہوکر آگے بڑھنے پر زور

12:27 AM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کو ترقی، خوشحالی اور مضبوط بنانے کے لیے اتحاد، امن اور اجتماعی جدوجہد کو ناگزیر قرار دیا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ آزادی کی ایک عظیم نعمت ہے۔ ان کے مطابق یہ آزاد وطن قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال اور تحریکِ پاکستان کے دیگر رہنماؤں کی دوراندیش قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کو آزادی، عزت اور وقار کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، جبکہ آئین اور قوانین شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو درپیش مختلف مشکلات کے باوجود پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اور ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے دفاع، معیشت، صنعت، تعلیم، سائنس، زراعت، کھیل اور دیگر شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے نوجوان نسل، ہنرمند افراد، ماہرین، کسانوں اور محنت کشوں کو پاکستان کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا روشن مستقبل ان ہی طبقات کی صلاحیتوں اور محنت سے وابستہ ہے۔

وزیراعظم کے مطابق حکومت نے گزشتہ ڈھائی برس کے دوران مشکل معاشی حالات میں اہم اقدامات کیے، جن کے نتیجے میں ملکی معیشت کو استحکام دینے کی بنیاد مضبوط ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ دو سال کے عرصے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 11.3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جو حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کی علامت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، صنعتی و زرعی شعبوں کی بہتری، عوامی بہبود، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معیاری تعلیم و ہنر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ملکی دفاع کے حوالے سے وزیراعظم نے پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے غیر معمولی عزم اور شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے دفاع کو مزید مضبوط کیا۔

انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی، دفاع، آبی وسائل اور دیگر اہم مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری میں ایک خوداعتماد اور باوقار ملک کے طور پر اپنا مقام مستحکم کر رہا ہے اور خطے میں موجود پیچیدہ صورتحال کے باوجود امن، استحکام اور تعاون کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مظلوم عوام کے جائز حقوق کے لیے پاکستان اپنی اصولی پالیسی پر قائم رہے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔

یومِ آزادی کے موقع پر شہباز شریف نے وطن کی حفاظت کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں، غازیوں اور شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے سیاسی قیادت، مختلف طبقات اور پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور پاکستان کی معاشی ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر فرد اور سیاسی جماعت کو ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مزید عزت، استحکام اور ترقی عطا فرمائے اور وطن عزیز کو ایک روشن، خوشحال اور کامیاب مستقبل سے ہمکنار کرے۔

مزیدخبریں