ملک بھر میں یومِ آزادی کی تقریبات، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

12:07 AM, 14 Aug, 2026

اسلام آباد : پاکستان کا 79واں یومِ آزادی آج جمعہ کے روز ملک بھر میں قومی ولولے اور روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے قصبوں تک مختلف تقریبات اور خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

یومِ آزادی کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی دی جائے گی، جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ دن کی تقریبات کا آغاز ہوگا۔ نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، امن، اتحاد اور ترقی کے لیے مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

کراچی میں مزارِ قائد اور لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات بھی یومِ آزادی کی سرگرمیوں کا حصہ ہوں گی۔

وفاقی دارالحکومت میں ہونے والی خصوصی تقریب کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری قومی پرچم سربلند کریں گے۔ ملک کے دیگر صوبوں، ڈویژنوں اور اضلاع میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے سرکاری و نجی عمارتوں، اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز اور نمایاں مقامات کو قومی پرچموں، سبز ہلالی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیا ہے، جس سے مختلف شہروں کا منظر دلکش اور جشن کا عکاس بن گیا ہے۔

اس قومی دن کے موقع پر سیمینارز، تصویری و ثقافتی نمائشیں، ثقافتی شوز اور دیگر سرگرمیاں بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان پروگراموں میں تحریکِ پاکستان کی جدوجہد اور قیامِ پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والی شخصیات کی خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھی یومِ آزادی کی مناسبت سے ’’میرا پیارا وطن پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک قومی نغمہ جاری کیا ہے۔ نغمے میں وطن سے محبت، قومی اتحاد اور حب الوطنی کے جذبات کو نمایاں کیا گیا ہے۔

سرکاری اور نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو اسٹیشنز یومِ آزادی کے حوالے سے خصوصی نشریات پیش کر رہے ہیں۔ ان پروگراموں میں تحریکِ پاکستان کے قائدین اور قومی ہیروز کی جدوجہد اور خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے قیامِ پاکستان میں ان کے کردار کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب آزاد جموں و کشمیر میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ مظفرآباد میں دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے کیا جائے گا، جبکہ نمازِ فجر کے بعد ملک میں امن، سلامتی، قومی اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں ہوں گی۔

آزاد کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے بھی دعائیں کی جا رہی ہیں۔ ریاست کے تمام اضلاع میں پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر یادگارِ شہدا پر حاضری دے کر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔

مزیدخبریں