78واں یومِ آزادی، نیشنل گرڈ کمپنی میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

11:24 PM, 14 Aug, 2025

لاہور : نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) میں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی شاندار ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ٹی ایس جی ٹریننگ سنٹر، نیو کوٹ لکھپت لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے قومی پرچم لہرایا۔ چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری کینیڈا سے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

ڈاکٹر فیاض احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں قیامِ پاکستان کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا اور کہا کہ ہمیں قومی اتحاد، قربانی اور محنت کے جذبے کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ہوگا۔ انہوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنے اور ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایم ڈی انجینئر محمد شاہد نذیر نے کہا کہ یومِ آزادی قائداعظم کے وژن ایمان، اتحاد، تنظیم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (پی اینڈ ای) انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن سمیت سینئر افسران، خواتین، بچے اور عملے کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران و ملازمین کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں، سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کی، جبکہ بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کر کے وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں