لاہور :یومِ آزادی اور حالیہ معرکۂ حق میں فتح کے تناظر میں لاہور کے ایکسپو سنٹر میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ صوبائی وزراء، غیر ملکی سفارتکاروں، افواجِ پاکستان کے نمائندوں اور شہداء کے اہلِ خانہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔
تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے "معرکۂ حق مانومنٹ پارک" کا افتتاح کیا اور اپنے خطاب میں کہا:
"ہم آج کا دن ملی جذبے اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مناتے ہیں۔ وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے ہمارے اصل ہیرو ہیں۔"
مریم نواز نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی نے جشن آزادی کو ایک تاریخی موقع میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے پاک فوج، خاص طور پر پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا"ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ دشمن کے 6 جنگی طیارے گرانا جرات، مہارت اور ایمان کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے کردار کو بھی یاد کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا گیا۔آخر میں مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ"ہم وطن کو معاشی طور پر مضبوط، اور سیاسی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔ سیاست دانوں کو بھی اختلافات سے بالا ہو کر ملک کے مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔"
تقریب میں ملی نغمے، ترانے، اور وطن سے محبت کے جذبات نمایاں تھے، جبکہ حاضرین نے افواجِ پاکستان اور شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔