امریکا کی پاکستان کو یومِ آزادی پر مبارکباد، دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار

03:55 PM, 14 Aug, 2025

واشنگٹن،اسلام آباد:امریکا نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں اور اقتصادی شعبے میں تعاون کو سراہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امریکا پاکستانی عوام کو یومِ آزادی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واشنگٹن، اسلام آباد کے ساتھ انسدادِ دہشت گردی اور تجارت سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

مارکو روبیو نے کہا"ہم پاکستان کے ساتھ اہم معدنیات، توانائی اور ہائیڈروکاربنز کے شعبوں میں شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کر رہے ہیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل یقینی بنایا جا سکے۔"

یہ پیش رفت آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکا اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون میں بہتری کے بعد دیکھنے میں آئی ہے۔

امریکا نے بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف خطوں میں توانائی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے ارادے کا اظہار بھی کیا ہے۔

دریں اثنا، اسلام آباد میں حالیہ انسداد دہشت گردی مذاکرات میں امریکا اور پاکستان نے داعش، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسے گروپوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

مزیدخبریں