آئین عوام کی امنگوں کا عکس ہے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں:چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا یومِ آزادی پر پیغام

03:40 PM, 14 Aug, 2025

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئین پاکستان عوام کی خواہشات اور امیدوں کا ترجمان ہے، اور یہی ریاستی انصاف کی بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین نہ صرف شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے، بلکہ ان کی آزادیوں کا تحفظ بھی کرتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک قربانیوں، عزم اور غیر متزلزل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقے کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور اس بات کو ثابت کرے کہ ملک میں کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں۔

انہوں نے کہا"ایک ایسا عدالتی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے جو عوام دوست، شفاف اور دیرپا ہو، تاکہ ہر شہری کو انصاف نہ صرف ملے بلکہ محسوس بھی ہو۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں تنازعات کا حل منصفانہ طریقے سے ہو اور انصاف ہر در تک پہنچے۔"

اپنے پیغام کے اختتام پر چیف جسٹس نے پوری قوم اور بالخصوص قانونی برادری کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عدلیہ آئندہ بھی آئینی اصولوں کی پاسداری اور انصاف کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

مزیدخبریں