بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب، مارکۂ حق کی فتح کا جشن بھی منایا گیا

02:03 PM, 14 Aug, 2025

بیجنگ : پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نہ صرف قیامِ پاکستان کی جدوجہد کو یاد کیا گیا بلکہ حالیہ جنگ میں پاکستان کی فتح "مارکۂ حق" کی خوشی بھی منائی گئی۔

تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری نے قومی پرچم لہرا کر کیا۔ اس کے بعد صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ پاکستان کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں 14 اگست 1947 کی اہمیت، قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت، اور آزادی کی راہ میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

ان پیغامات میں مئی 2025 میں بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی کامیابی، یعنی "مارکۂ حق"، پر پوری قوم کو مبارکباد دی گئی۔ اس فتح کو پاکستان کے اتحاد، ثابت قدمی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت کی علامت قرار دیا گیا۔

اپنے خطاب میں بلال محمود چوہدری نے چین میں مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ "مارکۂ حق" میں کامیابی نہ صرف ہماری فوج کی صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ پوری قوم کے حوصلے اور عزم کی جیت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی ایک مثالی رشتہ ہے، اور اوورسیز پاکستانی اس رشتے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

تقریب میں ملی نغمے پیش کیے گئے جبکہ "مارکۂ حق" کی جھلکیاں دکھانے کے لیے ایک خصوصی ویڈیو بھی چلائی گئی، جسے شرکاء نے بہت سراہا۔

بیجنگ میں منعقدہ اس تقریب نے بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانیوں کو وطن سے جوڑنے، حالیہ کامیابیوں پر فخر کرنے، اور قومی جذبہ تازہ کرنے کا بھرپور موقع فراہم کیا۔

مزیدخبریں