پاکستان ہماری پہچان ہے، آج عہد کریں کہ اسے عظیم سے عظیم تر بنائیں گے ، مریم نواز

11:08 AM, 14 Aug, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 78ویں یومِ آزادی پر قوم کو پرخلوص مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک ملک نہیں، یہ ہماری آن، بان اور شان ہے، اور اس کے بغیر ہماری کوئی پہچان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہمیں پاکستان جیسی عظیم نعمت ملی۔ ہمیں نہ صرف آزادی حاصل ہے بلکہ اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت ہونے پر فخر بھی ہے۔ آج ہمیں یہ سوچنا ہے کہ جس وطن نے ہمیں عزت، آزادی اور شناخت دی، ہم نے اسے کیا دیا؟

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان شہداء کی قربانیوں سے حاصل ہوا، ہمیں کبھی اُن جانبازوں کو نہیں بھولنا چاہیے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ہمیں آزاد فضا میں جینے کا حق دیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی صرف خوشی منانے کا دن نہیں، بلکہ یہ اپنے وطن سے وفاداری کا عہد نبھانے کا دن ہے۔ مریم نواز نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو پاکستان کی آزادی کی جدوجہد اور قربانیوں کی داستانیں سنائیں تاکہ نئی نسل میں حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہمیں یہ پکا ارادہ کرنا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنائیں گے۔ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ان شاء اللہ بہت جلد دنیا میں ایک باوقار مقام حاصل کرے گا۔

مزیدخبریں