یومِ آزادی پر پنجاب بھر میں جشنِ آزادی کی تاریخ ساز تقریبات

10:57 AM, 14 Aug, 2025

لاہور : یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے تحت پنجاب بھر میں جشن منانے کا ایک بے مثال انتظام کیا گیا۔ صوبے کے تمام 41 اضلاع میں ایک ہی وقت میں آتش بازی، لیزر شو، میوزک کنسرٹس اور ڈرون شو کی روشنیوں نے 78 ویں یومِ آزادی کو خاص بنا دیا۔

رات 12 بجتے ہی لاہور، راولپنڈی، مری، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں کے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اُٹھے، جہاں شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ خوشی کے لمحات گزار رہے تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اتنی بڑی تعداد میں بیک وقت اتنی شاندار تقریبات منعقد کی گئیں، جس میں ہزاروں لوگ بھرپور جوش و جذبے سے شریک ہوئے۔

ڈرون شو اور ڈیجیٹل لائٹ پرفارمنسز نے خاص طور پر بچوں اور خواتین کی توجہ حاصل کی، جبکہ معروف فنکاروں نے "دل دل پاکستان" اور دیگر قومی نغمے پیش کرکے جشن کی رونق کو دوبالا کر دیا۔ مختلف اضلاع میں میوزک کنسرٹس بھی ہوئے، اور شہر کی خوبصورت جگہوں کو ملی جلی رنگوں سے سجا کر جشن کا ماحول پیدا کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی اپیل پر عوام نے بھرپور حصہ لیا، گھروں، گاڑیوں اور موٹر بائیکس پر قومی پرچم لہرا کر حب الوطنی کا خوب اظہار کیا۔ یہ جشن نہ صرف قومی اتحاد کی علامت تھا بلکہ پنجاب میں وطن سے محبت کا بھرپور جذبہ بھی سامنے لایا۔

مزیدخبریں