چنئی : چنئی میں جنوبی بھارتی فلموں کی مقبول اداکارہ تریشا کرشنن کی رہائش گاہ کو بم سے اڑانے کی اطلاع نے ہلچل مچا دی، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی کے بعد یہ اطلاع بے بنیاد نکلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ڈی جی پی کنٹرول روم کو ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ کے گھر سمیت بنگلادیشی ڈپٹی ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر دھماکہ خیز مواد رکھا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے، بم ناکارہ بنانے والی ٹیم اور دیگر متعلقہ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچے اور دونوں مقامات کی مکمل چھان بین کی۔ تاہم کسی قسم کا مشکوک یا خطرناک مواد نہیں ملا، جس کے بعد دھمکی کو افواہ قرار دے دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں چنئی میں اس نوعیت کی کئی جعلی ای میلز موصول ہو چکی ہیں، جن میں نامور شخصیات کو نشانہ بنانے کا ذکر کیا گیا، لیکن تمام اطلاعات بے حقیقت ثابت ہوئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی معروف اداکار رجنی کانت اور دھنوش کو اسی طرح کی جھوٹی دھمکیاں دی جا چکی ہیں۔
ادھر تریشا کرشنن کی اداکار وجے کے ساتھ ایک تقریب میں موجودگی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس کے بعد مختلف چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔
کچھ رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ وجے کی اہلیہ سنگیتا نے طلاق کے لیے رجوع کر لیا ہے، تاہم ان خبروں کی تاحال کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔