"فیصلہ تہران کو کرنا ہے": جے ڈی وینس نے ایران پر ذمہ داری ڈال دی

09:55 AM, 14 Apr, 2026

واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے ساتھ ہونے والے حالیہ مذاکرات کو 'فیصلہ کن موڑ' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میز پر نمایاں پیش رفت ہو چکی ہے، مگر اب آگے بڑھنے کا تمام تر انحصار ایرانی قیادت کے اقدامات پر ہے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ امریکہ نے اپنی شرائط اور تجاویز پیش کر دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ     "گیند اب تہران کے کورٹ میں ہے۔ یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ امن اور تعاون کی راہ پر آگے بڑھنے کے لیے کیا عملی اقدامات کرتا ہے۔
جے ڈی وینس نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ یہ تاریخ کے چند اہم ترین لمحات میں سے ایک ہے کیونکہ دونوں حکومتوں نے اتنے اعلیٰ درجے پر براہ راست بات چیت کی ہے۔ انہوں نے اسے سفارتی تعطل کے خاتمے کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا۔اپنی گفتگو میں وینس نے امریکہ کے سخت موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ایران کا ایٹمی ہتھیار حاصل کرنا واشنگٹن کے لیے ناقابلِ قبول ہے۔   امریکی نائب صدر کے مطابق واشنگٹن کی تمام "ریڈ لائنز" (سرخ لکیریں) اسی ایک بنیادی نکتے سے جڑی ہوئی ہیں۔اس بیان کے بعد اب عالمی سطح پر یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ کیا ایران ان شرائط کو تسلیم کرتے ہوئے کوئی بڑا اعلان کرے گا یا خطے میں تناؤ کی کیفیت برقرار رہے گی۔

مزیدخبریں