واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر واشنگٹن میں اہم سفارتی و معاشی محاذ سنبھال لیا۔ سعودی فنڈ برائے ترقی اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے حکام سے ملاقاتوں میں پاکستان کی اقتصادی صورتحال اور مستقبل کی سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیر خزانہ نے سعودی فنڈ کے سی ای او سلطان بن عبدالرحمان المرشد سے ملاقات میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل مالی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کے عالمی توانائی کی قیمتوں پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے واضح کیا کہ پاک-سعودی تعلقات محض ضرورت کے نہیں بلکہ باہمی اعتماد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے ایم آئی جی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر تسوتومو یاماموتو سے ملاقات کے دوران ایجنسی کی جانب سے 500 ملین امریکی ڈالر کی مجوزہ تجارتی مالیاتی سہولت کا خیرمقدم کیا۔ وزیر خزانہ نے زور دیا کہ یہ رقم کھاد، خوراک، توانائی اور مشینری جیسی اہم درآمدات کی مالی معاونت کے لیے فوری طور پر درکار ہے۔ملاقات میں قانونی ثالثی کے مقدمات کے حل میں ایجنسی کے غیر جانبدارانہ کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے۔
محمد اورنگزیب نے عالمی مالیاتی اداروں کو یقین دلایا کہ حکومتِ پاکستان اقتصادی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے۔ انہوں نے بیرونی مالیاتی ضروریات کو بروقت پورا کرنے کے لیے جاری منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خزانہ کا واشنگٹن مشن: سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری اور 500 ملین ڈالر کی مجوزہ سہولت پر پیش رفت
09:09 AM, 14 Apr, 2026