شدید گرمی کی لہر پورے ہفتے جاری رہے گی، محکمہ موسمیات

10:08 PM, 14 Apr, 2025

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ نجم نذیر ضیغم نے پیشگوئی کی ہے کہ 16 سے 18 اپریل کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ داخل ہو گا، اور 18 اپریل کو اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بارش کا امکان ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اس وقت شدید گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) جاری ہے، جس کی بنیادی وجہ اوپری فضاء میں ہائی پریشر سسٹم کی موجودگی ہے۔ یہ ہیٹ ویو پورے ہفتے برقرار رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ میں شدید گرمی کا امکان ہے، جہاں نواب شاہ، لاڑکانہ اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جب کہ کراچی میں بھی آئندہ دنوں میں گرمی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ادھر پنجاب میں بھی درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

مزیدخبریں