کراچی :کراچی میں پیش آئے دو سنگین ٹریفک حادثات کے بعد ملوث ٹرک ڈرائیورز کو عدالتوں میں پیش کیا گیا، جہاں دونوں کے ساتھ عدالتی رویہ مختلف رہا۔ شارع فیصل پر پیش آئے حادثے میں ڈمپر ڈرائیور شفیق الرحمٰن کو عدالت نے قابل ضمانت دفعات کے تحت ایک لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہا کر دیا، حالانکہ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
دوسری جانب نیو چالی میں پیش آئے جان لیوا حادثے میں، جہاں دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، ملزم عابد علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ دونوں کیسز میں تفتیش جاری ہے، مگر عوامی حلقوں میں ان حادثات کے بعد سڑکوں پر قانون کی عملداری اور ڈرائیوروں کی تربیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اب صرف حادثہ نہیں بلکہ انسانی جانوں کا ضیاع بن چکی ہے۔