لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بیساکھی کے موقع پر سکھ برادری کو دلی مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیساکھی پنجاب کا ایک خوبصورت زرعی تہوار ہے جو کسان کی محنت اور فصل کی کٹائی کی خوشی کی نمائندگی کرتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گندم کے سنہری خوشے بیساکھی کی خوشی لاتے ہیں اور یہ دن محنتی کسانوں کی کاوشوں کا نتیجہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوشی ہے کہ دنیا بھر میں سکھ برادری آج کا دن جوش و خروش سے منا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے سال کرتارپور میں بیساکھی کے موقع پر گندم کی کٹائی کا منظر آج بھی یاد ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کی مدد کے لیے پہلی بار ایک ہزار مفت ٹریکٹر دیے ہیں اور گندم اگانے والے کاشتکاروں کو اربوں روپے کی سبسڈی، بیج، کھاد اور زرعی آلات فراہم کیے گئے ہیں۔