ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کا قیام 2017 میں عمل میں لایا گیا جس کا مقصد جنوب مغربی حصے میں افغانستان اور ایران کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی نگرانی اور جنوبی بلوچستان میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ داخلی اور سرحدی سلامتی کے علاوہ قومی اور عسکری اہمیت کے منصوبوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ ان آٹھ سال کے قلیل عرصے میں، اس نئی قائم ہونے والی فورس نے نہ صرف خود کو منظم کیا بلکہ اپنی افرادی قوت کو پیشہ ورانہ تربیت دی، اپنی تعیناتی کے علاقے میں سرحدی حفاظت اور امن و امان کی بحالی سے لے کر عوامی خدمت تک اپنی بنیادی ذمہ داریوں کو انتہائی بہترین اور مؤثر انداز میں نبھایا ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے گذشتہ ماہ مارچ میںکئی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ جنوبی بلوچستان کے دور افتادہ علاقوںمیں جہاں صحت جیسی سہولیات کا فقدان ہے، عوام کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے 279 فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا۔ ان میڈیکل کیمپوں میں ماہر ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے مجموعی طور پر 1135 مریضوں کو مفت علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات مہیا کیں۔ اس کے علاوہ مختلف علاقوں میں 103 کامیاب سپورٹس ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا، جن کا مقصد علاقے میں کھیلوں کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی مسلسل کوششوں سے نوکنڈی سے ماشکیل سی پیک روڈ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ نوکنڈی ماشکیل سی پیک روڈ بلوچستان کے دور افتادہ علاقو ں کے لیے ترقی کا ایک اہم منصوبہ ہے، ماشکیل ضلع واشک کی ایک دور دراز تحصیل ہے جس کی آبادی 70 ہزار کے لگ بھگ ہے لیکن علاقے کو ملانے والی کوئی سڑک نہیں جو کسی بڑے شہر سے جوڑ سکے، اس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، خصوصاً اس وقت جب کسی مریض کو علاج کے لیے ماشکیل سے کسی بڑے شہر میں منتقل کرنا ہو۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کی مسلسل کوششوں کی بدولت یہ منصوبہ مقررہ مدت 31 اگست 2025ء سے پہلے مکمل ہو جائے گا، ان شاء اللہ۔ یہ روڈ نہ صرف ماشکیل کے لوگوں کے لیے سفری سہولت فراہم کریگا بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، جس سے علاقے میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ماشکیل اور نوکنڈی کے درمیان فاصلہ دو گھنٹے کم ہو جائے گا۔ یہ منصوبہ مقامی معیشت کو مزید مستحکم کریگا۔ اس کے علاوہ گذشتہ ماہ مارچ میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کے زیر اہتمام جنوبی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عوام کے فلاح و بہبود پروگرام کے تحت 793 فلاحی سرگرمیوں کا وسیع پیمانے پر کامیاب انعقاد کیا گیا۔ ان اقدامات میں غریب عوام میں مفت راشن کی تقسیم، پینے کے صاف پانی فراہمی، طبی سہولیات، تعلیمی معاونت، کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر روزگار اور دیگر اہم سماجی خدمات شامل تھیں۔ یہ تمام اقدامات سماجی بہبود کے اس ویژن کا حصہ ہیں جس کا مقصد معاشرے کے پسماندہ طبقے کو بہتر معیار زندگی کی فراہمی، معاشرتی ناہمواریوں کا خاتمہ اور سماجی انصاف کو فروغ دینا ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے ایک بار پھر عوامی بہبود میں اپنی خدمات کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مثال قائم کی ہے اور یہ ثابت کیا ہے عوامی فلاح و بہبود ایف سی (سائوتھ) کی لازمی ترجیحات میں شامل ہے۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کے یہ آٹھ سال جنوبی بلوچستان میں امن، ترقی و خوشحالی کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور عوامی خدمات کی داستانوں سے بھرے پڑے ہیں۔ اس فورس نے قلیل مدت کے اندر جرأت و بہادری کے وہ کارنامے سر انجام دئیے ہیں کہ جنہیں تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا اور پڑھا جائے۔ مزید براں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کے زیر اہتمام گذشتہ ماہ 13مارچ کو پورے جنوبی بلوچستان میں 85واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ایف سی (سائوتھ) ہیڈ کوارٹر تربت میں ایک شاندار اور پرقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران، ضلعی انتظامیہ، مقامی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، علمائے کرام، اساتذہ، طلبا اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد قومی پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔ پاک فوج، ایف سی بلوچستان (ساؤتھ)، پولیس، لیویز، سپیشل فورسز اور لیڈی پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور قومی پرچم کو سلامی دی، جس نے شرکاء کے جوش و ولولے میں مزید اضافہ کر دیا۔ مختلف سکولوں کے طلبا نے یوم پاکستان کی تاریخی اہمیت پر تقاریر پیش کیں، جبکہ ملی نغمے، ٹیبلوز اور بلوچ ثقافتی تخلیقات نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کی نمائش بھی کی، جہاں جدید اسلحہ، حربی ساز و سامان اور دیگر دفاعی آلات عوام کے لیے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر نوجوانوں کو پاکستان کی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کامیاب کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مقامی عمائدین، نوجوانوں اور دیگر شرکاء نے ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خلاف متحد رہنے اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے سرحدوں کی نگہبانی سے لے کر عوامی خدمات تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ایف سی بلوچستان سرحدوں کی نگہبانی سے عوامی خدمات تک
09:22 AM, 14 Apr, 2025