ایشیا کپ 2025: سری لنکا کی شاندار فتح، بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست

11:44 PM, 13 Sep, 2025

ابوظہبی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے پانچویں میچ میں سری لنکا نے بنگلادیش کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔

میچ کا آغاز سری لنکن کپتان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا۔ بنگلادیشی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز انتہائی خراب رہا، اور ابتدائی دونوں کھلاڑی تنزید حسن اور پرویز حسین بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔

کپتان لٹن داس نے 28 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ مہدی حسن 9 اور توحید ہردوئے 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

اس کے بعد ذاکر علی اور شمیم حسین نے ٹیم کو سنبھالا دیتے ہوئے 86 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ ذاکر علی نے 41 اور شمیم نے 42 رنز بنائے، جس کے باعث بنگلادیش کی ٹیم 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز تک پہنچ سکی۔

جواب میں، سری لنکا نے 140 رنز کا ہدف 14.4 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔
اوپنر پتھوم نسانکا نے شاندار 50 رنز اسکور کیے، جب کہ کمیل مشارا 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی یہ کامیابی ان کے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوئی، جبکہ بنگلادیش کو اب اگلے میچز میں کم بیک کے لیے بھرپور کارکردگی دکھانا ہوگی۔

مزیدخبریں