شہباز شریف کا سیلاب متاثرہ عوام کو ریلیف، اگست کے بل ایڈجسٹ کرنے کا اعلان

09:43 PM, 13 Sep, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ اگست کے بجلی بل فی الحال وصول نہ کیے جائیں۔

یہ فیصلہ وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جہاں سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی بلوں سے متعلق تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں مختلف اداروں کے نمائندے شریک تھے۔

وزیراعظم نے بجلی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ صارفین سے بجلی کے بل کی وصولی روک دی جائے تاکہ متاثرہ عوام پر مالی بوجھ کم ہو سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد بجلی بلوں میں ریلیف پیکیج کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ جن صارفین نے اگست کے بل ادا کر دیے ہیں، ان کی رقم اگلے مہینے کے بل میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ شدید سیلاب نے ملک کے مختلف حصوں میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے اور ان کی مکمل بحالی تک حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ، "جب تک ہر متاثرہ شہری اپنے گھر واپس نہیں پہنچ جاتا، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔"

مزیدخبریں