خیبرپختونخوا کے ضلع دیر میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی، 7 فوجی جوان شہید، 10 خوارج ہلاک

08:42 PM, 13 Sep, 2025

راولپنڈی : خیبرپختونخوا کے ضلع دیر کے علاقے لال قلعہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر شدت پسندوں کے ایک خفیہ مرکز پر کامیاب آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران معصوم شہریوں کو یرغمالی بنائے جانے سے بچاتے ہوئے پاک فوج کے 7 بہادر جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی میں بھارت کے حمایت یافتہ گروہ خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں دس دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں، جنہوں نے جرات اور دلیری سے دشمن کا مقابلہ کیا۔

مزید کہا گیا ہے کہ حاصل شدہ اطلاعات کے مطابق ان دہشتگرد کارروائیوں میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشتگردوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے اور دو طرفہ معاہدوں کی پاسداری کرے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن اب بھی جاری ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشتگردوں سے پاک کیا جا سکے۔ ادارے نے کہا کہ پاک فوج بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے شہداء کی قربانیاں قوم کے عزم و حوصلے کو مزید طاقت دیتی ہیں۔

مزیدخبریں