سیلاب سے بچاؤ کیلئے انفرااسٹرکچر کی فوری بہتری ناگزیر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

11:07 AM, 13 Sep, 2025

راولپنڈی  :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ریاست ہر سال سیلاب کے باعث انسانی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے مؤثر حکمت عملی، بہتر طرز حکمرانی اور انفرااسٹرکچر کی تیز رفتار ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز لاہور، قصور، ملتان اور جلال پور پیر والا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے فضائی دورے اور فیلڈ ریلیف کیمپس کے معائنے کے موقع پر کہی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قصور اور جلال پور پیر والا میں قائم ریلیف کیمپس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور ان کی ضروریات کا جائزہ لیا۔ فیلڈ مارشل کو جاری امدادی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے پاک فوج، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں عوام کی خدمت کرنا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امدادی اداروں کے جذبہ خدمت اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

متاثرہ شہریوں نے بروقت امداد اور تعاون پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا، جس پر فیلڈ مارشل نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور بحالی کے تمام اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ سیلاب جیسے قدرتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صرف ہنگامی ردعمل کافی نہیں، بلکہ طویل المدتی منصوبہ بندی، عوامی شراکت اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

مزیدخبریں