شرم الشیخ : وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کا "علمبردار" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی سنجیدہ کوششیں کیں، جن کے نتیجے میں لاکھوں انسانی جانیں محفوظ ہوئیں۔
وزیراعظم کا یہ بیان مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران سامنے آیا، جہاں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ سمیت کئی اہم ممالک نے معاہدے پر دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا یہ دن پوری دنیا کے لیے اہم ہے۔ غزہ امن معاہدہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی بنیاد رکھے گا، جو دوست ممالک کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے، اور امن معاہدے سے خطے میں استحکام، ترقی اور ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
غزہ امن معاہدہ ایک اہم سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں جنگ بندی، قیدیوں کا تبادلہ، انسانی امداد اور تعمیر نو جیسے اہم نکات شامل ہیں۔