شرم الشیخ: مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تاریخی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ترکیہ، مصر اور دیگر دوست ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس معاہدے کو مشرق وسطیٰ میں امن کی جانب ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا "آج غزہ کے عوام کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ غزہ امن معاہدے سے نہ صرف جنگ کا خاتمہ ہوگا بلکہ ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ممکن ہوگا۔"
صدر ٹرمپ نے معاہدے کی کامیابی کا سہرا دوست ممالک کے تعاون کو دیا اور کہا کہ مصر نے اس پورے عمل میں کلیدی کردار ادا کیا۔
"ہم مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اور استحکام چاہتے ہیں، اور یہ معاہدہ ہماری مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے،" انہوں نے مزید کہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کے دوران فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کے عوام کی بحالی و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرے۔
شرکاء نے غزہ امن معاہدے کو ایک تاریخی سنگ میل قرار دیا جس سے نہ صرف خطے میں کشیدگی کم ہوگی بلکہ بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کی نئی راہیں کھلیں گی۔